ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / مڈکیری میں سی اے اے کے خلاف جنا آندولن سمیتی کا احتجاج :تب دستورکو نمسکار ، اب گولی : وزیر اعظم مودی کے خلاف کنڑا ادیب مہادیو کی سخت تنقید

مڈکیری میں سی اے اے کے خلاف جنا آندولن سمیتی کا احتجاج :تب دستورکو نمسکار ، اب گولی : وزیر اعظم مودی کے خلاف کنڑا ادیب مہادیو کی سخت تنقید

Sat, 11 Jan 2020 20:56:04    S.O. News Service

مڈکیری :11؍ جنوری (ایس اؤ نیوز)’حلف لینےکے بعد دستور کو نمسکار کرنے والے وزیر اعظم، اب اسی دستور کو گولی مارنےکا کام کررہےہیں ۔ کنڑا کے مشہور ادیب و مفکردیونور مہادیو نے سی اے اے اور این آر سی کونافذ کرنے چلے وزیر اعظم کے خلاف سنیچر کو کڑی تنقید کی۔

شہر کے گاندھی میدان میں  ضلع ترقی پسند جنا آندولن سمیتی کی جانب سے منعقدہ عوامی جدوجہد اجلاس میں وہ خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے وزیر اعظم اور وزیرداخلہ پر مسلسل تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ’مہاتما گاندھی کے پیروں کو چھونےکے بعد ناتھورام گوڈسے نے ان کے سینے پر گولی چلائی تھی، اسی طرح وزیر اعظم اُدھر نمسکار کرکے اِدھر گولی چلارہے ہیں۔ ملک کے اہم اداروں  کی حالت پر گفتگو کرتےہوئے مہادیو نےکہاکہ آزادی کے بعد بھارت میں تشکیل پائے اداروں کو ایک ایک کرکے منہدم کیاجارہاہے، ملک میں بھائی چارگی کو نقصان پہنچ رہاہے، تعمیر کے بدلے تخریب و تقسیم کے نظریے کو ترجیح دی جانے پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے سی اے اے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ 99فی صد بھارتیوں اور 1فی صد فرقہ پرستوں کے درمیان سنگھرش چل رہاہے، دھرم کے نام پر شہریت دینے کی کوشش قابل مذمت ہے، دستور کو بچانے کے لئے اب طلبا برادری سینہ تانے کھڑی رہنے کی با ت کہی۔

شہریت ثابت کئے جانے پر سوال اٹھاتے ہوئے دیونور مہادیو نےکہاکہ ہم نے ہی وزیراعظم کو منتخب کیا ہے، اب وہی ہمارے ووٹروں سے شہریت مانگ رہاہے، کیا یہ افسوسناک نہیں ہے؟ایسے وزیرا عظم کو منتخب کئے جانے کی وجہ سے ووٹروں کو اپنی شہریت ثابت کرنےکے حالات پیش آئے ہیں، شہریت (ترمیمی) قانون نافذ ہوگاتو ملک کے اصل باشندوں کا کیا ہوگا؟۔ فاریسٹ مکینوں سے دستاویزات پوچھیں تو وہ درخت، ندی ، پہاڑ ،جنگلی جانور دکھائیں گے، وہ کہاں سے دستاویزات لائیں۔ شہریت ترمیمی قانون جاری ہونے پر فاریسٹ مکینوں کا جینا دوبھر ہوجائے گا۔

موجودہ ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے مہادیو نےکہاکہ نہ روزگار پیدا ہورہے ہیں،معاشی ابتری ، آسمان کو چھوتی قیمتیں، کسانوں کو درپیش مشکلات، فصلوں کو بہتر اور مناسب قیمت نہیں مل پا رہی  ہے، بینک میں رکھی ہوئی رقم کی کوئی ضمانت نہیں ہے، سیلاب معاوضہ کی مانگ کریں تو وزیر اعظم سخت رویہ اپناتے ہیں، کیا یہ عوامی لیڈر کی علامت ہونے کا سوال اٹھایا۔

جناآندولن ویدیکے کے سنچالک وی پی ششی دھر نے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ ضلع میں لگاتار جذباتی نظریات کے سہارے انتخابات جیت رہے ہیں، جس کو حمایت بھی مل رہی ہے، مگر  اس ضلع کو  ترقی کی بنیادوں پر جدوجہد کرنے والوں کی ضرورت ہے، پھوٹ ڈالنے والی قوتوں کے خلاف عوام بیدار ہونے کی با ت کہی۔ اجلاس میں ضلع کانگریس، جے ڈی ایس ، سی پی آئی ایم، سی پی آئی ، ایس ڈی پی آئی  سمیت کئی سیاسی لیڈران شریک رہے۔


Share: